Web Kahanian
     markazi safha ttlion key des men   fati or billu ki kahanian men zindagi new   Kahanian hi Kahanian Tehreer Bhejen

رکن کی درجہ بندی: 0 / 5

Star InactiveStar InactiveStar InactiveStar InactiveStar Inactive
 
میرے پَر کہاں گئے؟

          Print

ننھی انجو نے جب سے دادی اماں سے پریوں والی کہانی سنی تھی تبھی سے ایک انوکھی ضد لگا رکھی تھی۔ وہ یہ کہ مجھے بھی پر لگا دیے جائیں کیونکہ میں نے چاند کی سفید پریوں سے ملنے جانا ہے۔ روز رات کو وہ اپنے بیڈ پر لیٹتی تو گول مول چمکتے چاند کو دیکھ کر مچلنے لگتی۔

’’میرے پر کہاں ہیں۔ میں نے چاند کی سفید پریوں سے ملنے جانا ہے۔ ‘‘

اماں نے بارہا سمجھایا ۔ ’’میری جان انجو! انسانوں کے پر نہیں ہوتے۔‘‘

ابا نے ڈانٹ ڈپٹ کی۔  ’’اب اگر آپ نے پَر لینے کی ضد کی تو میں آپ کو ڈوگی کے پاس چھوڑ آؤں گا۔‘‘

بھیا نے پیار سے بہلایا۔حتیٰ کہ ایک دن بھیا کپڑے اور جالی کے بنے ہوئے پیارے سے پَر لے بھی آئے جن کے ساتھ ایک خوبصورت سا سفید فراک تھا۔

انجو نے جب اسے پہنا تو اسے لگا اب وہ چاند کی پریوں سے ملنے جا سکتی ہے۔ لیکن یہ کیا!

یہ پَر تو اڑتے ہی نہ تھے۔ آخر انجو کی ضد تو روز بروز بڑھتی ہی گئی۔

ایک دن انجو جب سو کر اٹھی تو اس نے دیکھا اس کی کمر پر دو بے حد پیارے سے پر لگے ہوئے تھے۔ ’’ارے! میں تو اڑ سکتی ہوں۔ ‘‘ یہ کہتے ہوئے اس نے پر ہلائے تو وہ ہلکا سا اوپر کو اٹھ گئی۔ یہ دیکھ کر اس نے شور مچا کر سب گھر والوں کو اکھٹا کر لیا۔ اس دن انجو سارا دن اپنے باغ میں اڑتی رہی۔ وہ بہت خوش تھی۔  خد ا خدا کر کے رات ہوئی تو انجو چاند کی پریوں سے ملنے چلی گئی۔ سبھی پریاں اس سے مل کر بہت خوش ہوئیں۔ انجو نے مزے مزے کے کھیل کھیلے ۔  چونکہ اس کے پر سرخ تھے اس لیے سفید پریوں نے اس کا نام سرخ پری رکھ دیا تھا۔ بہت دیر تک انجو سرخ پری بنے ، چاند کی پریوں کے ساتھ ادھر ادھر اڑتی پھری۔ اس نے ستاروں کے پاس جا کر دیکھا۔ وہ بالکل بھی اس کی پہنچ سے دور نہیں تھے۔ پھر وہ سورج میاں کے پاس گئی۔ لیکن انہوں نے سب پریوں کو ڈانٹ کر بھگادیا کیونکہ ان کے شور سے سورج میاں  کی نیند خراب ہو گئی تھی۔ بادل بھائی نے پریوں کو روکنے کی بالکل کوشش نہیں کی کیونکہ انہیں ان کا کھیل اچھا لگ رہا تھا۔  

کھیلتے کھیلتے انجو نے دیکھا سورج میاں اٹھ چکے تھے۔انہوں نے اندھیرے کا کمبل اتار پھینکا تھا اور اب وہ ستاروں کو بھگانے  کی تیاری کر رہے تھے۔  اچانک چاند کی پریاں غائب ہونے لگیں اور آہستہ آہستہ انجو بالکل اکیلی رہ گئی۔

انجو نے سب کو آوازیں دیں لیکن جواب ندارد! اب تو انجو کو رونا آنے لگا۔

’’انجو! اٹھو بیٹا ۔ برا خوا ب دیکھا ہے کیا؟ ‘‘ امی جان نے پیار سے انجو کو اٹھاتے ہوئے پوچھا۔ انجو آنکھیں ملتے ہوئے اٹھ بیٹھی۔ اچانک اس کے منہ سے نکلا۔

’’ہائیں! میرے پَر کہاں گئے؟‘‘

’’کون سے پر بیٹا! چلو اٹھو! دادی اماں آپ کو ناشتے پر بلا رہی ہیں۔ آؤ منہ ہاتھ دھو لیں۔‘‘ امی جان انجوکو منہ ہاتھ دھلانے لے گئیں۔

اگر آپ کو معلوم ہو کہ سرخ پری کے پَر کہاں گئے تو انجو کو ضرور بتائیے گا!


اپنی قیمتی رائے سے آگاہ کیجیے

Invalid Input
Invalid Input
Invalid Input
Invalid Input